Jan ۲۶, ۲۰۲۶ ۱۳:۰۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کا یومِ جمہوریہ: یہ دن اپنے ماضی، حال اور مستقبل پر نگاہ ڈالنے کا موقع، صدر مرمو

ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو نے ملک کے 77 ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر قوم سے خطاب کیا ہے۔ خطاب میں انہوں نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ہمیں اپنے ماضی، حال اور مستقبل پر نگاہ ڈالنے کا موقع دیتا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو نے یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے گزشتہ شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آئین کے سائے میں اپنے جمہوری سفر کا جشن منانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ہمیں اپنے ماضی، حال اور مستقبل پر نگاہ ڈالنے کا موقع دیتا ہے اور یہ یاد دلاتا ہے کہ 26 جنوری 1950 کو آئین کے نفاذ کے ساتھ ایک جمہوری، عوامی اور خودمختار ریاست نے عملی صورت اختیار کی۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ آزادی کے بعد ہندوستان نے آئینی اقدار کی روشنی میں اپنی سمت طے کی اور انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت جیسے اصولوں کو اپنی شناخت بنایا۔ آئین سازوں نے قومی یکجہتی اور مشترکہ قومیت کے احساس کو مضبوط بنیاد فراہم کی، جس کی بدولت ایک وسیع اور متنوع ملک ایک مضبوط جمہوریہ کے طور پر ابھرا۔

صدرِ جمہوریہ نے ملک کی سلامتی میں مسلح افواج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ جوان ہر لمحہ مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کسانوں، مزدوروں، ڈاکٹروں، نرسوں، اساتذہ، سائنس دانوں، انجینیئروں اور صفائی کارکنوں سمیت ہر طبقے کی خدمات کا اعتراف کیا اور کہا کہ یہی لوگ جمہوریہ کو عملی طاقت فراہم کرتے ہیں۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

انہوں نے خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار پر خصوصی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، تحفظ اور معاشی خودمختاری کے لیے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں خواتین کی شمولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ خود امدادی گروپوں، کھیلوں اور سائنس سمیت مختلف شعبوں میں خواتین کی کامیابیاں ایک نئے ہندوستان کی تصویر پیش کرتی ہیں۔

 

ٹیگس