Apr ۰۴, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۸ Asia/Tehran
  •  میزائلی توانائی کی تقویت پر ایران کی عدلیہ کے سربراہ کی تاکید

ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی میزائل توانائی کی تقویت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے پیر کو عدلیہ کے حکام کے اجلاس میں ایران کی میزائل توانائی کی تقویت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی توانائی کو کمزور کرنا اور ان پر سوالیہ نشان لگانا اور آزادی بیان کے نام پر ایران کی میزائلی طاقت و توانائی کے خلاف بیان دینا اسلامی جمہوریہ ایران کی امنگوں سے خیانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران چونکہ اسلامی ملکوں کے لئے ایک آئیڈیل ملک میں تبدیل ہو چکا ہے اس لئے مغرب کی تسلط پسند حکومتیں ایران کو اپنے لئے بڑا خطرہ سمجھ رہی ہیں۔

عدلیہ کے سربراہ نے کہا کہ مغربی طاقتیں ایران کے اسلامی نظام کو کمزور کرنے، اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور حتی اس کو ختم کرنے کے لئے ہر قسم کے حربوں کا استعمال کر رہی ہیں۔

انہوں نے ایران کے خلاف امریکا کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا جھوٹے دعوؤں کے ذریعے ان بعض کمپنیوں پر، جو ایران کے ساتھ تجارت کرنا چاہتی ہیں دباؤ ڈال رہا ہے اور انہیں ایران کے ساتھ تجارت کرنے سے روک رہا ہے۔

ٹیگس