May ۲۱, ۲۰۱۶ ۲۱:۱۲ Asia/Tehran
  • ایران بھر میں جشن میلاد امام مہدی (ع) کا آغاز

ایران بھر میں پندرہ شعبان کی مناسبت سے جشن میلاد امام مہدی عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کا آغاز ہوگیا ہے۔

اس موقع پر ایران بھر کی مساجد ، امام بارگاہوں اور مقدس مقامات میں جشن کی محافل منعقد کی جا رہی ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند شریک ہیں۔

تہران سمیت ایران کے تمام شہروں میں سڑکوں اور شاہراہوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے اور جگہ جگہ شربت اور مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔

مشہد مقدس میں حضرت علی ابن موسی الرضا(ع)، قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ (ع)اور شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضے اور قم کے نزدیک واقع مسجد مقدس جمکران عقیدت مندوں سے چھلک رہے ہیں اور لوگ بڑے والہانہ انداز میں حضرت امام مہدی علیہ السلام سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کر تے دکھائی دے رہے ہیں۔

دارالحکومت تہران اور اس کے نواحی علاقوں میں مخصوص انداز میں چراغانی کی گئی ہے اور لوگ مٹھائیاں اور شربت تقسیم کرکے امام زمانہ عجلہ اللہ تعالی فرجہ الشریف سے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

تہران کے جڑواں شہر رے میں حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے روضے میں جشن کی محفل منعقد کی جا رہی ہے جس میں شعرائے کرام اور علمائے عظام بارگاہ حضرت صاحب الزمان میں منظوم اور منثور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

ایران کے عوام آج رات شب بیداری اور مخصوص عبادتوں کی انجام دہی میں بسر کریں گے۔

ٹیگس