Dec ۰۲, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • امریکہ کی یکطرفہ پابندیاں جاری رہنا ایٹمی معاہدے کے برخلاف ہے: قاسمی

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان اور سینٹ میں ایران کے خلاف پابندیوں میں توسیع کے بل کی منظوری ، ایٹمی معاہدے اور امریکی وعدوں کے برخلاف ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان بہرام قاسمی نے جمعے کو ایران کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں میں توسیع کے بل کی منظوری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان اور سینٹ میں منظور کئے جانے والے بل کی منظوری، مشترکہ جامع ایکشن پلان اور امریکی وعدوں کے منافی ہے-

بہرام قاسمی نے کہا کہ  امریکی حکومت، اپنے بین الاقوامی وعدوں پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہے اور امریکہ میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیاں بین الاقوامی وعدوں پر عملدرآمد سے بے توجہی یا  انہیں نظرانداز کئے جانے کا باعث نہیں بننا چاہئیں- ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران نے اپنے بین الاقوامی معاہدوں پر عمل کیا ہے اور ان معاہدوں کی پاسداری کی ہے اور ساتھ ہی  ہر حالت میں ایران کےعوام کے حقوق کا تحفظ کیا ہے- 

بہرام قاسمی نے کہا کہ ایران نے اس سلسلے میں امریکی رویوں کا بغور جائزہ لیا ہے اور ایک مکمل رپورٹ ایٹمی سمجھوتے پر نگراں کمیٹی کو پیش کرے گا-

ٹیگس