Feb ۱۴, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  •  انسانی حقوق کے بارے میں مغرب کے دوہرے معیاروں پر کڑی نکتہ چینی

ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے انسانی حقوق کے بارے میں مغرب کے دوہرے معیاروں پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

تہران میں یورپی پارلیمنٹ کے خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ ڈیوڈ مک ایلسٹر سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ بعض معاملات پر یورپ کا رویہ انتہائی تعجب کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن میں عام شہریوں پر بم برسائے جار ہے ہیں جبکہ اسپتالوں اور اسکولوں کو بھی تباہ کیا جارہا ہے لیکن بعض یورپی ممالک سعودی عرب کو اسحلہ فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔
بحرین کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ یہ بات کیسے قبول کی جاسکتی ہے کہ بحرین میں بعض لوگوں کو ووٹ دینے کا حق ہو اور بعض کو نہیں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ یورپی ممالک یمن اور بحرین میں انسانی حقوق کی پامالی اور جرائم کے بارے میں اپنی خاموشی کی کیا توجیہ پیش کرسکتے ہیں۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ امریکہ نے عراق میں جنگ کے ذریعے خطے میں نئی دہشت گردی کو جنم دیا ہے اور اسرائیل اپنی مداخلت کے ذریعے خطے کو نشانہ بنا رکھا ہے۔
یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ نے اس موقع پر مغربی ایشیا کے مسائل کو انتہائی پیچیدہ قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ یمن اور بحرین میں انسانی حقوق کے معاملات پر یورپی یونین کی گہری نظر ہے اور ہم یمن کی جھڑپوں میں الجھے ہوئے فریقوں کو اسلحے کی فراہمی کی اجازت نہیں دے رہے۔

ٹیگس