Feb ۱۵, ۲۰۱۸ ۲۱:۰۹ Asia/Tehran
  • علمائے کرام اسلام کے رحمانی چہرے کو عام کرنے کی کوشش کریں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے شیعہ اور سنی علما پر زور دیا ہے کہ وہ اسلامی ترویج کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل اور اس کے رحمانی چہرے کو عام کرنے کی کوشش کریں۔

اپنے دورہ ہندوستان کے موقع پر حیدرآباد میں شیعہ اور سنی علمائے کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ تمام مذاہب نیکیوں کی ترویج اور برائیوں سے روکنے لیے آئے ہیں لہذا اسلام کے پیغام کی ترویج کے حوالے سے مسلمان علما پر بڑی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور ہندوستان کے عوام کے درمیان پائے جانے والے دیرینہ تاریخی، مذہبی اور لسانی اشتراکات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اپنے دورہ ہندوستان کو ایرانی عوام کی جانب سے دوستی کے پیغام کا حامل قرار دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، اپنے دورہ ہندوستان کے پہلے مرحلے میں جمعرات کو اس ملک کی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد پہنچے جہاں ایرپورٹ پر اسلامی جمہوریہ ایران کے چاہنے والوں اور عقیدتمندوں نے وسیع پیمانے پر خیرمقدم کیا۔
اس موقع اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی استقبال کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی اس عقیدت کی قدردانی کی۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی ہفتے کی صبح نئی دہلی میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور ان کے ہمراہ وفد کا باضابطہ طور پر استقبال کریں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے متعدد معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔

ٹیگس