Apr ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • ساتویں امام حضرت امام موسی کاظم (ع) کے یوم شہادت کا غم

اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کا یوم شہادت کا غم نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

آسمان امامت و ولایت کے ساتویں درخشاں ستارے فرزند رسول امام موسی کاظم علیہ السلام 20 ذی الحجه سن 128 ہجری قمری میں ابواء نامی گاؤں میں جو مکے اور مدینے کے درمیان واقع ہے اس دنیا میں تشریف لائے۔ آپ کی مدت امامت پینتیس برسوں پر مشتمل تھی۔

اس عرصے میں آپ نے تمام تر سختیوں اور مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد بھی دین اسلام کو بہترین انداز میں لوگوں تک پہنچایا۔ علم و عبادت اور سخاوت و بردباری میں آپ کا کوئی ثانی نہیں تھا اور آپ کی اسی مقبولیت سے خائف ہو کر عباسی خلیفہ ہارون رشید نے ظالم زندان بان سندی بن شاہک کے ذریعے 25 رجب المرجب سن 183 ہجری قمری میں ایک سازش کے تحت زہر دغا دلوا کر انتہائی مظلومیت کے عالم میں شہید کر دیا۔

اسی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران،عراق ، پاکستان ، ہندوستان اور دنیا کے مختلف دیگر ممالک میں عاشقان اہلبیت اطہار (ع) مجالس غم برپا کر کے حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت پر اشک عزا بہا رہے ہیں۔

عراق کے شہر کاظمین میں لاکھوں عزادار موجود ہیں جو سینہ زنی اور نوحہ خوانی کر رہے ہیں اور اشک غم بہا رہے ہیں۔ لاکھوں کی تعداد میں زائرین، عراق کے مختلف شہروں سے پیدل چل کر کاظمین پہنچے ہیں جبکہ دنیا کے مختلف ملکوں سے بھی ہزاروں سوگوار کاظمین پہنچے ہیں اس موقع پر کاظمین میں جہاں امام موسی کاظم علیہ السلام کا روضہ اقدس واقع ہے، سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ مشہد مقدس میں امام حضرت امام رضا علیہ السلام اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں سوگواروں کی بہت بڑی تعداد مجالس عزا اور نوحہ و ماتم برپا کر کے دونوں عظیم ہستیوں کو ان کے پدر بزرگوار کا پرسہ دے رہی ہے۔

پاکستان کے مختلف شہروں منجملہ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں اور اسی طرح ہندوستان کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں خاص طور سے دہلی، ممبئی، لکھنؤ اور حیدرآباد میں عاشقان اہلبیت اطہار (ع) مجالس غم برپا کر کے حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی مظلومانہ شہادت پر اشک عزا بہا رہے ہیں۔

آسمان امامت و ولایت کے ساتویں درخشاں ستارے فرزند رسول امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے ہم اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تمام عقیدتمندوں اور سحر اردو ٹی کے تمام ناظرین کی خدمت کی دل اتاہ گہرائی سے تعزیت پیش کرتے ہیں۔

ٹیگس