May ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۲ Asia/Tehran
  • امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کی مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کی شدید مذمت کی ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے پارلیمنٹ کے اجلاس کے آغاز میں دنیا کے سبھی ملکوں کی جانب سے ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت اور سلامتی کونسل و اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود امریکی سفارتخانے کی  تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں نے برسوں قبل یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کو غیر موثر کرنا ہے-

انہوں نے پیر کو صیہونی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے وسیع پیمانے پر ہونے والے قتل عام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وحشیگری صیہونی حکومت اور امریکا کی پیشانی پر ایک بڑا بدنما داغ ہے جو ہمیشہ باقی رہے گا-

  بین الاقوامی امور میں رہبرانقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے بھی کہا ہے کہ مسلمانوں کے ایک انتہائی مقدس مقام پر امریکی سفارتخانے کی منتقلی سے صیہونی حکومت کی نابودی کا عمل تیز ہو گا-

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نے ہمیشہ ہی اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کا کہ جسے امریکا اور علاقے کی بعض عرب حکومتوں کی حمایت حاصل ہے، ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے بھی اپنے بیان میں امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کے واشنگٹن کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس شیطانی سازش کو امت اسلامیہ کے اتحاد کا عامل اور بیت المقدس کی غاصب  حکومت کی بساط لپٹنے کے عمل میں تیزی کا محرک قرار دیا-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کی تحریک انتقاضہ صیہونیوں، امریکیوں اور ان کے حامیوں کو یہ ثابت کرے گی کہ مقدس سرزمین فلسطین کا حقیقی مستقبل اس سرزمین سے غاصبوں کے اخراج اور ان کے علاقائی اور عالمی حمایتیوں کی سزا کی صورت میں ہی سامنے آئے گا-

امریکا نے علاقائی اور عالمی سطح پر وسیع مخالفتوں کے باوجود پیر کو اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کر دیا ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے گذشتہ اکیس دسمبر کو بیت المقدس کی حمایت میں ایک سو اٹھائیس موافق ووٹوں اور صرف نو مخالف ووٹوں سے ایک قرارداد منظور کی تھی- اس قرارداد کے مطابق اقوام متحدہ بیت المقدس کو صیہونی حکومت کا دارالحکومت تسلیم نہیں کرے گی- بیت المقدس پر اسرائیل نے انیس سو سڑسٹھ میں قبضہ کر لیا تھا-

 

 

ٹیگس