Aug ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • ایران میں تیار کی گئیں جدید ترین فوجی گاڑیوں کی رونمائی

ایران کی وزارت دفاع کے ماہرین کے ہاتھوں تیار کی گئی جدید ترین ٹیکنیکل فوجی گاڑی ارس ٹو اور اینٹی مائن بکتر بند گاڑی رعد کی رونمائی کی ایک تقریب کے دوران ایران کی مسلح افواج کے حوالے کر دی گئی۔

ایرانی ماہرین کے ذریعے تیار کی گئیں ان جدید ترین فوجی گاڑیوں کی تقریب رونمائی میں خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیردفاع بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ رعد بکتر بند گاڑی ٹینک شکن بارودی سرنگوں کے دھماکے میں بھی پوری طرح محفوظ رہ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بکتر بند گاڑی بارودی سرنگوں اور سڑک کے کنارے نصب بموں کے دھماکوں کے مقابلے میں فوجی کمانڈروں اور شخصیات کی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے-

ایرانی وزیردفاع نے کہا کہ اینٹی میزائل ملٹری گاڑی رعد جنگی میدانوں، سرحدی چوکیوں اور حتی شہر کے اندر بھی ہونے والی لڑائیوں میں پوری طرح کام میں آسکتی ہے۔

انہوں نے جدید ترین ٹیکنیکل فوجی گاڑی ارس ٹو کی صلاحیتوں کے بارے میں کہا کہ یہ فوجی گاڑی دشوار گزار پہاڑی اور ریتیلے راستوں میں برق رفتاری کے ساتھ چل سکتی ہے اور بھاری وزن کے ہتھیار بھی اس گاڑی پر نصب کئے جا سکتے ہیں- پچھلے چند برسوں کے دوران ایران کی وزارت دفاع نے جدید ترین دفاعی ہتھیار بنانے میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں-

ٹیگس