Jan ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۰ Asia/Tehran
  • سینچری ڈیل خطے اور دنیا کیلئے ایک ڈراؤنا خواب : جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے امریکی نام نہاد صدی ڈیل پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا کیلئے ایک ڈراؤنا خواب قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک ٹوئٹر پیغام میں  کہا کہ امریکہ کا "نام نہاد امن وژن" صرف ایک ناکام ریئل اسٹیٹ ڈویلپر کا خام خیالی منصوبہ ہے۔

محمد جواد ظریف نے امید ظاہر کی کہ وہ مسلمان جنہوں نے غلط راستے کا انتخاب کیا وہ ہوشیار ہو کر صحیح راستے پر گامزن ہو جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غاصب صہیونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس میں مشرق وسطٰی میں قیام امن کے لیے اپنا منصوبہ پیش کیا۔

وائٹ ہاوس میں منعقدہ اس تقریب میں فلسطین کے کسی نمائندے کو مدعو ہی نہیں کیا گیا جب کہ تقریب میں عمان، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے سفیروں نے شرکت کی۔

امریکی صدر کی جانب سے اعلان کیے جانے والے نام نہاد امن منصوبے میں مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا غیر منقسم  دارالحکومت رکھنے کا عہد شامل ہے ۔

اس اقدام کے بعد فلسطین کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

ٹیگس