Jul ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران نے پورٹ ایبل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور تیار کیا

ایرانی ماہرین کے تیار کردہ پہلے موبائل یا پورٹ ایبل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کی رونمائی کر دی گئی ہے۔

ایرانی ماہرین کے تیار کردہ پہلے پورٹ ایبل یا موبائل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کی تقریب رونمائی میں ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی اور وزیر ٹرانسپورٹ و شہری ترقی محمد اسلامی نے بھی شرکت کی۔

ایران کے وزیر دفاع امیر حاتمی نے اس موقع پر کہا کہ ہوائی اڈوں کو مسلسل فعال رکھنے اور سیلاب، آتشزدگی اور زلزلے جیسی قدرتی آفات نیز فوجی حادثات کے پیش نظر ایران کے لیے عارضی ہوائی اڈوں کا قیام انتہائی اہمیت رکھتا ہے اور یہ سسٹم ہمیں ملک میں فضائی آپریشن بلا وقفہ جاری رکھنے میں مدد کرے گا۔

جنرل حاتمی نے کہا کہ ایسے ہر ایک پورٹ ایبل کنٹرول ٹاور یا ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کی تیاری سے ملک کو دو ملین یورو کے زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی سی کا یہ سسٹم جدید ترین الیکٹرانک اور کیمونیکیشن آلات سے لیس ہے اور ایوی ایشن کے عالمی معیاروں پر پورا اترتا ہے۔

ایران کے وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عارضی ہوائی اڈوں کے لیے تیار کیا جانے والے یہ پورٹ ایبل کنٹرول ٹاور یہ امکان فراہم کرتا ہے کہ ملک کے تمام فوجی اور شہری ہوائی اڈے ہنگامی صورتحال میں بھی فعال رہیں اور ان کی سرگرمیوں میں کوئی خلل واقع نہ ہو۔

ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ اور شہری ترقی محمد اسلامی نے پورٹ ایبل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کی رونمائی کے موقع پر کہا کہ پابندیوں کے دوران اندرون ملک میں ایسے سسٹم کی تیاری بلا شبہ ایران کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ایران ملکی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے،  ٹرانسپورٹ کے تمام شعبوں، زمینی، ‌فضائی اور سمندری حمل و نقل کے میدان میں جامع اور اسمارٹ ٹریفک کنٹرول سسٹم کی تیاری کی جانب قدم آگے بڑھے گا۔

ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پابندیوں کے نتیجے میں پڑنے والے دباؤ کے باوجود ملکی ترقی کی رفتار سست نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے نوجوان ماہرین نے پابندیوں کو ہمیشہ مواقع میں تبدیل کیا ہے اور اس کے نتیجے میں آج ہمارے تمام ہوائی اڈے ضروری آلات اور وسائل سے لیس ہیں اور پورے اطمینان کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پورٹ ایبل یا موبائل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور مکمل طور پر ایرانی ماہرین نے اندرونی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ڈیزائن اور تیار کیا ہے اور اسے ہنگامی صورتحال میں کسی بھی جگہ آسانی سے منتقل اور استعمال کیا جاسکتا ہے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

8: ttps://chat.whatsapp.com/KXbwLMavcEmL5WvZZ7yEvB

 

ٹیگس