Sep ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۲ Asia/Tehran
  • سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ کے دورے کا ایران امریکہ مسائل سے کوئی تعلق نہیں، وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ کے دورہ تہران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے کا امریکہ اور ایران کے مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ دورہ دو طرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے منظم دوروں کے دائرے میں انجام پا رہا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ کے دورہ تہران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اس دورے کا ایران اور امریکہ کے مسائل سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ دورہ دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے آپسی دوروں کے تناظر مین انجام پا رہا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ ہفتے کے روز ایران کے دورے پر تہران پہنچے ہیں اور پہلے وہ ایران کے تاریخی شہر اصفہان گئے ہیں۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ہفتے کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو میں سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ کے ساتھ امریکی وزیر خارجہ کے رابطوں کے بارے میں جاری کی جانے والی رپورٹوں کے بارے میں کہا کہ امریکی وزیر خارجہ عجلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر اس شخصیت کے ساتھ رابطہ برقرار کرتے ہیں جو ایران کا دورہ کرنے والی ہوتی ہے اور یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ مائیک پومپیؤ مایوسی و ناچاری میں ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی امریکی پالیسی پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ ان کی اس قسم کی پالیسی اب تک کامیاب نہیں ہوئی ہے جبکہ وہ اپنی اس کوشش میں ہر اس تیسرے ملک کو بھی شامل کرنے کے درپے ہوتے ہیں کہ ایران کے ساتھ جس کے تعلقات ہوتے ہیں تاکہ اس ملک کے تعلقات کو ایران سے خراب کرائیں -

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کی جانب سے امریکہ کی موجودہ آمرانہ حکومت کے بارے میں سرکاری موقف کا بارہا اعلان کیا جا چکا ہے اور تہران کے اس موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ کے دورہ تہران میں مذاکرات میں زیربحث آنے والے موضوعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ سوئٹزرلینڈ کے مالی سسٹم کے بارے میں بھی گفتگو ہوگی۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ کے دورہ تہران کے پروگرام کے بارے میں کہا کہ وہ اتوار سے اپنے اس دورے کا باضابطہ طور پر آغاز کریں گے اور اہم ترین بات یہ ہے کہ دونوں ملکوں کے صد سالہ تعلقات کی تقریب میں بھی شرکت کرناان کے پروگرام میں شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ اپنے اس دورے میں سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، ایران کے اپنے ہم منصب ڈاکٹر محمد جواد ظریف اور اسی طرح اعلی رتبہ حکام سے ملاقات و مذاکرات کریں گے اور یہ ملاقاتیں اتوار اور پیر کے دنوں میں انجام پائیں گی۔

ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے ایک اور بیان میں تمام فلسطینیوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرزمین فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کا واحد راستہ غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت اور مزاحمت جاری رکھنا ہے۔خطیب زادہ نے کہا کہ فلسطین کی مجاہد قوم نے گذشتہ عشروں کے دوران اس بات کو ثابت کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے برسوں کے قبضے، قتل عام و سرکوبی اور اسی طرح بعض خیانت کار عرب حکومتوں کی سازشوں اور پیٹھ پیچھے خنجر گھونپنے جیسے اقدامات کے باوجود وہ غاصبوں کے مقابلے میں استقامت کے اپنے پختہ عزم سے پیچھے نہیں ہٹی ہے اور نہ ہی کبھی پیچھے ہٹے گی۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی کہ اس راہ میں یقینا دنیا کی حریت پسند اور آزاد حکومتیں اور قومیں فلسطینیوں کے مطالبات میں ان کا ساتھ دیں گی۔

 

ٹیگس