Feb ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۲:۱۴ Asia/Tehran
  •  طالبان کمانڈرملاعبدالسلام آخوند کی ہلاکت کی تصدیق

افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں ہونے والی فضائی کارروائی میں افغان طالبان کے سینئر کمانڈر ملا عبدالسلام آخوند ہلاک ہوگئے ۔

ایک سینئر طالبان عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ ڈرون حملے میں ملا عبدالسلام آخوند سمیت 5 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ملا عبدالسلام آخوند کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جاتا رہا ہے۔

مذکورہ طالبان عہدیدار کے مطابق ملا عبدالسلام آخوند دشتے آرچی کے علاقے میں اپنے گھر میں تھے کہ ڈرون کے ذریعے میزائل فائر کیا گیا۔

اے ایف پی کے مطابق ملا آخوند میٹنگ میں شریک تھے جب انھیں نشانہ بنایا گیا۔ امریکی اور نیٹو فورسز نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا ہے تاہم طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ملا آخوند کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

دوسری جانب شمالی افغانستان کے ایک سینئر پولیس کمانڈر شیر عزیزکماوال نے بھی بتایا کہ فضائی کارروائی کے دوران ملا عبدالسلام آخوند اور 8 دیگر طالبان ہلاک ہوئے۔

 واضح رہے کہ 2015 میں جب طالبان نے مختصر عرصے کے لیے قندوز پر قبضہ کیا تھا تو یہاں طالبان کی قیادت ملا آخوند کر رہے تھے۔ افغان حکام متعدد مرتبہ ان کی ہلاکت کے دعوے کرچکے ہیں تاہم اس مرتبہ ان کی بظاہر ہلاکت کی تصدیق طالبان کی جانب سے کی گئی ہے۔

 

ٹیگس