Jul ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • اسرائیلی فوجیوں کی نئی جارحیت، ہسپتال پرحملہ

اسرائیل کی جاری جارحیت میں 4 فلسطینیوں کی شہادت کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے ہسپتال پربھی حملہ کر دیا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے اسپتالوں پرحملہ کر کے جمعہ کے روز زخمی ہونے والے تقریبا 21 فلسطینیوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔

جمعے کی صبح فلسطینیوں کو نماز کی ادائیگی سے روکنے کی غرض سے مسجد الاقصی کا محاصرہ کرنے والے صہیونی فوجیوں کے حملے میں 4 فلسطینی شہید اور400 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

کل جمعہ کے روز4 فلسطینی نوجوانوں کی شہادت کے بعد اکتوبر دو ہزار پندرہ سے جاری تحریک انتفاضہ قدس کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تین سو چوالیس ہو گئی ہے۔

مسجدالاقصی کو ان دنوں صہیونی فوجیوں اور آبادکاروں کے حملے کا سامنا ہے اور اسرائیل نے فلسطینیوں کے مسجدالاقصی میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے50 برس سے کم عمر مسلمانوں کو مسجد الاقصیٰ جانے سے روکنے کے اعلان کے علاوہ مسجد تک جانے والے تمام راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز بھی نصب کر دیے تھے۔

واضح رہے کہ بیت المقدس میں تشدد کی نئی لہر دیکھنے میں آرہی ہے اور اب یہودی آبادکاروں نے بھی اسرائیلی پولیس اور فوج کے ساتھ مل کر مسجد اقصیٰ کے برآمدوں پر حملے شروع کردیئے ہیں۔

 

ٹیگس