Jul ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • صیہونی جارحیت جاری، 26 فلسطینی گرفتار

غاصب صیہونی فوجیوں نے کل رات غرب اردن میں مزید 26 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

 ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے رام اللہ شہر کے قریب کوبر گاوں میں فلسطینیوں کے گھروں پردھاوا بول دیا ۔

دوسری جانب فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ حال ہی میں مسجدالاقصی پر صیہونی جارحیت میں اب تک 5 فلسطینی شہید اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو گئے۔ اس رپورٹ کے مطابق 29 فلسطینی عام گولیوں اور 374 فلسطینی ربر کی گولیوں سے زخمی ہوئے جبکہ دیگر فلسطینی آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سےزخمی ہوئے۔

دوسری جانب فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے کل ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے لمحہ بہ لمحہ بدلتے حالات پر نظر رکھنے کے لئے ایک مشترکہ مرکز قائم کیا گیا ہے-

پریس کانفرنس میں صیہونی حکومت کو قدس اور مسجد الاقصی میں جرائم جاری رکھنے پر متنبہ بھی کیا گیا- تحریک حماس کے سینئر رہنما اسماعیل رضوان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی گروہ، صیہونی حکومت کو قدس اور مسجد الاقصی کے خلاف مذموم منصوبوں پرعمل درآمد کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور صیہونی حکومت کے جرائم اور اقدامات، ملت فلسطین اور مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کے مترادف ہیں-

درایں اثنا فلسطینی مزاحمتی و استقامتی گروہوں نے  مسجدالاقصی اور مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی غرض سے منگل کو شہر غزہ کے گمنام سپاہی نامی اسکوائر پر ہونے والے مظاہرے اور دھرنے میں بڑے پیمانے پر شرکت کی اپیل کی-

صیہونی حکومت نے 14جولائی سے 16جولائی تک نمازیوں پر مسجد الاقصی کے دروازے بند کر دیئے اور اسے کھولنے کے بعد بھی مسجد میں داخل ہونے والے نمازیوں کی تلاشی کے لئے مخصوص گیٹ نصب کر رکھے ہیں- یہ اقدام فلسطینیوں کے شدید احتجاج کا باعث بنا-

ٹیگس