Dec ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کے بحری مارچ پراسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ

فلسطینیوں کے بحری مارچ پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی فائرنگ میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر نے خبردی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے بحری مارچ میں شریک فلسطینیوں پر فائرنگ کی اور اشک آور گیس کا استعمال کیا - اس حملے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے - زخمیوں میں ایک امدادی کارکن بھی شامل ہے۔
واپسی مارچ کی اعلی کمیٹی کے رکن اور جہاد اسلامی تنظیم کے رہنما احمدمدلل نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام واپسی مارچ میں پابندی کے ساتھ بھرپور طریقے سے شرکت کرکے غزہ کا محاصرہ توڑنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
انہوں نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے خلاف قرارداد منظور کرانے میں امریکا کی شکست کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے مظالم میں امریکا برابر کا شریک ہے۔
فلسطینی تنطیم جہاد اسلامی کے رہنما احمد مدلل کا کہناتھا کہ فلسطینی بچوں نے پہلی تحریک انتفاضہ میں جو انیس سو ستاسی میں انتفاضہ سنگ کے نام سے مشہور ہوئی تھی صیہونی حکومت کو شکست دی تھی اور آج بھی فلسطینی نوجوانوں اور بچوں نے صیہونیت مخالف کارروائیوں میں حصہ لے کر صیہونیوں کی نیندیں حرام کردی ہے۔
فلسطینیوں کا واپسی مارچ گذشتہ تیس مارچ سے شروع ہوا ہے اس دوران صیہونی فوجیوں نے پر امن مظاہرین پر فائرنگ کرکے دو سوچالیس فلسطینیوں کو شہید اور پچیس ہزار سے زائد کو زخمی کردیا جن میں سیکڑوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹیگس