Apr ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۹ Asia/Tehran
  • جولان کی پہاڑیوں کو آزاد کرانے کے لئے سبھی آپشن موجود ہیں، شامی وزیرخارجہ

شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم نے دمشق میں ونزوئیلا کے وزیرخارجہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں کو آزاد کرانے کے لئے سبھی آپشن موجود ہیں۔

شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق شامی وزیرخارجہ ولیدالمعلم نے دمشق میں ونزوئیلا کے وزیرخارجہ آریزا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں کے ملکوں کے خلاف کی گئیں سازشیں ایک جیسی ہیں -  انہوں نے  کہا کہ ہم نے پچھلے آٹھ برسوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران جو کچھ اب  ونزوئیلا میں ہورہا ہے اس کا مشاہدہ  اور اس صورتحال کا سامنا کیا ہے اور اب کررہے ہیں -

شامی وزیرخارجہ نے کہاکہ جولان کی پہاڑیوں پر شامی عوام کا حق ایک مسلمہ حق ہے جو وقت گذرنے کے ساتھ زائل نہیں ہوسکتا -  ان کا کہنا تھا کہ شام کے غصب کئے گئے ایک ایک چپے کو آزاد کرایا جائے گا - شامی وزیرخارجہ نے کہا کہ ان کا ملک جولان کی مقبوضہ پہاڑیوں کو  آزاد کرانے کے لئے اپنے سبھی وسائل بروئے کار لائےگا اور جولان کی آزادی کے لئے سبھی آپشن موجود ہیں -

شامی وزیرخارجہ ولیدالمعلم نے جولان کے بارے میں عرب سربراہوں کے کمزور موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کیا یہ کوئی دانشمندی ہے کہ عرب لیگ کے حالیہ سربراہی اجلاس میں جولان کے بارے میں بیان کیا گیا عرب سربراہوں کا موقف اس سلسلے میں برطانیہ کے موقف سے بھی کمزور ہو؟ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور ہمارے خلاف سازشیں ابھی فوجی جارحیتوں اور اقتصادی محاصرے کی شکل میں جاری ہیں - شامی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد شام کے بحران کے دورانیے کوطولانی کرنا ہے تاکہ اس سے اسرائیل کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایاجا سکے -

اس مشترکہ پریس کانفرنس میں ونزوئیلا کے وزیرخارجہ آریزا نے بھی کہا کہ ہم اپنے شامی ہم منصب کے اس بیان سے اتفاق کرتے ہیں کہ شام اور ونزوئیلا کے خلاف کی گئیں سازشیں ایک جیسی ہیں - ونزوئیلا کے وزیرخارجہ نے کہا کہ شام اور ونزوئیلا کے عوام امریکی امپریالیسم اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اس جنگ میں وہ کامیاب ہوں گے - ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت ونزوئیلا میں فوجی کارروائی کی دھمکی دے رہی ہے اور اس کا دعوی ہے کہ سارے آپشن میز پر موجود ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ان تمام آپشن میں کیوں بات چیت کا آپشن میز پر نہیں ہے - ونزوئیلا کے وزیرخارجہ آریزا نے کہا کہ اس حساس اور تاریخی مرحلے میں ہم اپنے دورہ شام پر فخر کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی حتمی کامیابی کا جشن منائیں گے - انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران شام کا تجربہ امریکی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ونزوئیلا کے لئے مفید واقع ہوگا۔

ٹیگس