Jul ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • آبنائے ہرمز کی سکیورٹی کے حوالے سے ایران اورعمان میں ہم آہنگی: بن علوی

عمان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے پر ایران سے ہم آہنگ ہیں۔

سلطنت عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے سطلنت عمان کی سرکاری ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خلیج فارس میں موجودہ بحران کو حل کرنے میں عمان کی جانب سے کسی بھی طرح  سےثالثی کا کردار ادا کرنے کو مسترد کرتے ہوئےکہا کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز میں میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اسلامی جمہوریہ ایران کیساتھ ہم آہنگ ہے۔

عمان کے وزیر خارجہ  کا یہ بیان ایسے میں سامنے آیا ہے کہ جب ان کے حالیہ دورہ ایران اور ایرانی حکام سے ان کی ملاقات سے پہلے بعض عرب ذرائع ابلاغ نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے ایران، امریکہ اور برطانیہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے ایران کا دورہ کیا ہے۔

بن علوی نے مزید کہا کہ ان کے ملک نے کسی بھی طرح ثالثی کا کردار ادا نہیں کیا ہے اور وہ جو چیزعمان کیلئے اہم ہے وہ آبنائے ہرمز میں میری ٹائم سیکورٹی کو یقینی بنانا ہے تو اسی لئے ان کا ملک اس سلسلے میں سارے فریقین کیساتھ رابطے میں ہے۔

عمانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی نقل و حرکت کی مینجمنٹ کے حوالے سے ایران اور عمان کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیج فارس میں میری ٹائم سیکورٹی کے تحفظ کیلئے سارے فریقین کو ایک دوسرے کیساتھ رابطے میں رہنے کی ضرورت ہے۔

بن علوی کا کہنا تھا کہ بغیر سوچے سمجھےہر قسم کے اقدامات، بین الاقوامی میری ٹائم سیکورٹی میں رکاوٹوں کا باعث بن سکتے ہیں جس سے دنیا کے سارے ممالک کو نقصان ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد خطے میں پائیدار قیام امن و استحکام کی فراہمی ہے اور ایرانی عوام سمجھدار ہیں اور علاقائی امن میں اسلامی جمہوریہ ایران کا کردار انتہائی اہم ہے۔

واضح رہے کہ سلطنت عمان کے وزیر خارجہ نے حالیہ دنوں میں ایران کا دورہ کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سمیت وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ٹیگس