Aug ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۹:۴۶ Asia/Tehran
  • جنوبی بیروت پر اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے : لبنانی صدر

لبنان کے صدر نے جنوبی بیروت پر صیہونی حکومت کے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کے جارحانہ اہداف کی علامت قرار دیا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق جنوبی بیروت کے ضاحیہ علاقے میں صیہونی حکومت کے دو ڈرون طیاروں نے حملہ کیا تھا جنھیں مار گرایا گیا ہے۔ صیہونی ڈرون طیارے اپنے معینہ اہداف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔ المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے صدر میشل عون نے صیہونی حکومت کے ڈرون حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اس بات کا تازہ ثبوت ہے کہ صیہونی حکومت لبنان اور علاقے کے امن و ثبات کو نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ لبنان کے وزیر داخلہ ریاالحسن نے بھی جنوبی بیروت پر صیہونی حکومت کے ڈرون طیاروں کی جارحیت کو لبنان کے اقتدار اعلی اور قرارداد ستّرہ سو ایک کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔لبنان کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کر کے صیہونی حکومت کی جانب سے لبنان کے فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزی کئے جانے پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شکایت کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ لبنانی شیعہ گروپ مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ عبدالامیر قبلان اور لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے بھی جنوبی بیروت میں صیہونی حکومت کے ڈرون حملے کو لبنان کے اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور اس کی مذمت کی ہے۔

ٹیگس