Sep ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۱ Asia/Tehran
  • جمال خاشقجی کو نشہ آور چیز دینے کے بعد قتل کیا گیا

ترک اخبار کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کو نشہ آور چیز دینے کے بعد قتل کیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ترک اخبارکی جانب سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی زندگی کے آخری لمحات میں ریکارڈ کی گئی مبینہ ریکارڈنگ کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس میں صحافی کے آخری الفاظ سے متعلق معلومات شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صحافی جمال خاشقجی کو کہا گیا تھا کہ انہیں انٹرپول کے حکم کے مطابق ریاض واپس جانا ہوگا، جس پران کی جانب سے انکارکردیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق صحافی کے انکار کے بعد انہیں نشہ آور چیز دی گئی تھی۔

ترک حکام کے مطابق خاشقجی نے اپنے آخری الفاظ میں اپنے قاتلوں کو ان کا منہ بند نہ کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ انہیں دمے کا مرض لاحق تھا تاہم وہ اس کے بعد اپنے ہوش میں نہیں رہے جب کہ ریکارڈنگ میں ہاتھا پائی کی آوازیں بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ صحافی جمال خاشقجی گزشتہ سال 2 اکتوبرکو ضروری کاغذات کے لیے استنبول میں سعودی قونصل خانے گئے تھے اور پھرلاپتہ ہوگئے تھے تاہم عالمی دباؤ کے بعد  سعودی عرب نے جمال خاشقجی کی استنبول کے سعودی قونصل خانے میں موت کی تصدیق کی تھی۔ اور رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ جمال خاشقجی کوبن سلمان کی ہدایت پرقتل کیا گیا۔

 

ٹیگس