Mar ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
  • کورونا کے خلاف جنگ ٹرمپ کا سب سے بڑا جھوٹ ہے: حسن نصراللہ

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے تعلق سے امریکی صدرٹرمپ اور ان کی ٹیم نے بہت بڑا جھوٹ بولا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے امریکی صدر ٹرمپ اور انکی ٹیم کو کورونا وائرس کے معاملے میں سب سے بڑا جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ اور ان کی ٹیم امریکہ میں کورونا وائرس کے خطرے کو کم اہمیت ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کو امریکی مدد کی ضرورت نہیں اور اگر امریکہ ایران کی مدد کرنے میں سچا ہے تو اسے ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں کو ختم کردینا چاہیے تاکہ ایران کورونا وائرس کا اچھی طرح مقابلہ کرسکے ۔

سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ اب دنیا کو کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں چین اور ایران کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے اور اس موذی اور مہلک وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔

سید حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ ایران اور چین سمیت کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے والے ملکوں کے تجربے سے سبھی کو استفادہ کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی اور اپنے گھر والوں کی جان کی حفاظت کرنا سبھی کا مذہبی فریضہ ہے اور جو بھی اس ذمہ داری کو نہیں نبھائے گا اس نے گویا گناہ کبیرہ کا ارتکاب کیا ہے۔

سید حسن نصر اللہ نے عراقی فورسز پر فضائی حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں امریکی جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ کے دہشتگرد فوجیوں نےجمعرات کو عراق کے صوبوں صلاح الدین، بابل، بصره، کربلا اور واسط میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے کئی مراکز پر حملہ کیا جس میں کئی عراقی شہید و زخمی ہوئے تھے۔

عراق کے صدر برہم صالح نے بھی امریکی فوجی حملوں کی مذمت کی ہے اور اسے عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ عراق کی وزارت خارجہ نے بھی بغداد میں امریکہ اور برطانیہ کے سفیروں کو طلب کر کے اپنا احتجاج درج کیا ہے۔

ٹیگس