Jun ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۵ Asia/Tehran
  • یوم علی(ع) پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، 4 دہشتگرد گرفتار

سندھ رینجرز نے یوم حضرت علی(ع) پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مرکزی جلوس میں خودکش حملے کا منصوبہ بنانے والے لشکر جھنگوی کے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق اورنگی ٹاﺅن کے علاقے سے کالعدم دہشتگرد گروہ لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو آج یوم حضرت علی(ع) کے مرکزی جلوس میں خودکش حملہ کرنا چاہتے تھے ۔ دہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس ، بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے مرکزی جلوس پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے رکھی تھی اوراگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو سکتے تھے۔

گرفتار دہشتگردوں سے خود کش جیکٹس ،15کلو بارود ، 18دستی بم اور کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 دہشتگردوں کو ہلاک جب کہ درجنوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا تھا ۔ جبکہ دو روز قبل کراچی کی سینٹرل جیل سے کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی کے دو دہشتگرد فرار ہو گئے تھے۔

در ایں اثنا کل کویٹہ کے نواحی علاقے سے 10 جنوری 2013ء میں علمدار روڈ پر دو خودکش حملوں اور 16 فروری 2013ء کو ہزارہ ٹاؤن میں واٹرٹینکر کے ذریعے خودکش حملوں کا ماسٹر مائنڈ اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ٹارگٹ کلرکالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر جھنگوی کے ایک اہم کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا تھا ان حملوں میں 220 کے قریب شیعہ شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔  

 

ٹیگس