Jul ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۱:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں دھماکے 4 ہلاک 25 زخمی

پاکستان میں خودکش اور بارودی سرنگ کے دھماکے میں سکیورٹی فورسز سمیت متعدد افراد ہلاک و زخمی ہو گئے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق آج صبح پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہرچمن کے مرکزی عید گاہ چوک پرلیویز ہیڈ کوارٹرز کے قریب خود کش حملے کے نتیجے میں ڈی پی او چمن ساجد خان  اپنے باڈی گارڈ سمیت ہلاک ہو گئے جبکہ سکیورٹی اہلکاروں سمیت 20سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر چمن کاشف نے خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا خودکش تھا جس کے بعد حملہ آور کا سر اور پاﺅں بھی مل گئے ہیں۔ قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔  دھماکے میں کئی گآڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

چمن میں سکیورٹی فورسز کے خلاف  ہونے والےخودکش حملے سے قبل آج صبح کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایف سی کے 2اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ لوئر کرم کے علاقے لکا تیگہ میں بارودی سرنگ کا دھماکا  اس وقت ہوا جب ایف سی کے اہلکاروں کی گاڑی وہاں سے گزررہی تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور دہشتگردوں کی تلاش جاری ہے۔ابھی تک کسی بھی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ پاکستان کے وزیر داخلہ چودری نثار نے چمن خودکش حملے کی مذمت کی۔

ٹیگس