Sep ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف مظاہرہ

پاکستان میں ہزارہ شیعہ مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کے بعد کوئٹہ یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کی۔

کوئٹہ پریس کلب کے سامنے کوئٹہ یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے شیعہ ہزارہ قوم کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے کچھ عرصے سےکچلاک، اسپنی روڈ اور ائیر پورٹ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والے حالیہ واقعات کے خلاف بینرز اور پوسڑز اٹھائے ہوئے تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد کوئٹہ یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کرکے شیعہ ہزارہ قوم کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اورعدم تحفظ کے خلاف ایک موثر مہم کا آغاز کریں گے۔ جس میں جیل بھرو تحریک اور تا دم مرگ بھوک ہڑتال شامل ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنمااورکوئٹہ کے امام جمعہ علامہ سید ہاشم موسوی نے سحرعالمی نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سکیورٹی فورسز اور حکومت چاہیں تو دہشتگردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ برسوں سے ہمارے لوگ خضدار اور مچھ میں رہائش پذیر ہیں، جنہیں دہشتگردوں نے روہنگیا مسلمانوں کی طرح ہجرت پر مجبور کیا۔ اسی طرح کوئٹہ کے گرد و نواح کی دکانوں سے بھی بے دخل ہونے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس قسم کے واقعات اورحکومت کی سردمہری کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔

اس احتجاجی مظاہرے میں امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، حاجی قیوم چنگیزی، علامہ جمعہ اسدی اور علامہ محمدی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

ٹیگس