Nov ۲۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیرخزانہ 3 مہینے کی چھٹی پر

وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ اور اقتصادی امور کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں۔

پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے طبعیت کی ناسازی کے باعث وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو چھٹی سے متعلق خط لکھا جس پر سابق وزیر اعظم نواز شریف سے مشاورت کے بعد شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کی  چھٹیاں منظور کرتے ہوئے ان سے تمام ذمہ داریاں واپس لے لیں۔

وفاقی وزرا اور وزیر مملکت کی چھٹی اور استحقاق سے متعلق رولز 17 (1) 1975 کے مطابق انہیں چھٹی دی گئی ہے، رولز کے تحت یہ چھٹی زیادہ سے زیادہ 3 ماہ پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ اسحاق ڈار سے واپس لی گئی ذمہ داریاں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس رہیں گی اور مشاورت کے بعد وہ وزارت خزانہ کا قلمدان کسی اور شخص کو دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار گزشتہ کئی ہفتوں سے لندن میں مقیم ہیں جبکہ احتساب عدالت نے اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنسز میں  فرد جرم عائد کر رکھی ہے جب کہ مقدمات سے مسلسل غیر حاضری پر انہیں مفرور قرار دیا گیا ہے اور ان کے خلاف اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی بھی جاری ہے۔

ٹیگس