نومولود بچوں کی شرح اموات، پاکستان خطرناک ممالک میں شامل
Nov ۲۶, ۲۰۱۸ ۱۲:۳۲ Asia/Tehran
پاکستان نومولود بچوں کی شرح اموات کے لحاظ سے دنیا کا سب سے خطرناک ترین ملک ہے جہاں ہر 22 ویں بچے کی پیدائش کے بعد ایک کی موت ہوتی ہے۔
یونیسف کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نومولود بچوں کی شرح اموات 46 فیصد تک ہے جس کی وجہ سے پاکستان نومولود بچوں کی شرح اموات کے لحاظ سے سب سے خطرناک ملک قرار پایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نومولود بچوں کی شرح اموات کے حوالے سے جاری ہونے والی فہرست میں 10 بد ترین ممالک میں پاکستان سمیت سنٹرل افریقن ریپبلک، افغانستان، صومالیہ، جنوبی سوڈان، مالی وغیرہ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نومولود بچوں کی شرح پیدائش کے حوالے سے سب سے محفوظ ملک جاپان کو قرار دیا گیا ہے جہاں پر شرح اموات صرف 1 فیصد ہے جبکہ دیگر محفوظ ممالک میں سنگاپور، آئس لینڈ، فن لینڈ، سلووینیا، ایسٹونیا، کوریا اور ناروے شامل ہیں۔