Apr ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • پاکستان: کوئٹہ دھماکے کی ملکی سطح پر مذمت

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان، صوبے بلوچستان کے وزیر اعلی جام کمال خان اور پاکستان کی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر اس طرح سے بے گناہوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگین کر کے اسلام آباد کو دہشت گردی کے خلاف مہم کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹا سکیں گے۔ صوبے بلوچستان کے وزیر اعلی نے بھی اپنے ایک الگ بیان میں کوئٹہ کے دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کی اور بم دھماکے کے شکار افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

پاکستان کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں منجملہ پیپلز پارٹی، مجلس وحدت مسلمین، مسلم لیگ نون اور جماعت اسلامی نے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردانہ حملوں کی روک تھام اور امن کی فراہمی میں حکومت اسلام آباد کی ناتوانی پر کڑی تنقید کی۔

دریں اثنا مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل راجا ناصر عباس جعفری نے ہزار گنجی سبزی منڈی کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور  قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اس وحشیانہ جرم کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس