Sep ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۱:۰۳ Asia/Tehran
  • طویل ترین بندش کے بعد پاکستان کے تعلیمی ادارے کھل گئے

پاکستان میں تعلیمی ادارے آج کھول دئے گئے۔ پہلے مرحلے میں میٹرک کلاسز، کالجز اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل کا آغاز ہو گیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی وبا کے سبب 6 ماہ قبل مارچ میں بند ہونے والے تعلیمی ادارے اور شادی ہالز آج سے کھل گئے۔ شادی ہال تو فوری کھل جائیں گے تاہم تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے جس میں بڑی کلاسز پہلے اور پرائمری اسکولز بعد میں کھولے جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت کلاس رومز میں کرسیوں کے درمیان فاصلہ رکھنا، طلبہ کو ماسک پہننا اور ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال لازمی ہوگا۔ نجی اسکولوں اور جامعات میں جراثیم کش اسپرے بھی کرایا جارہا ہے جبکہ ایس او پیز پر عمل کرانے کے لیے تدریسی و غیر تدریسی عملے کو تربیت بھی دی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ جب پاکستان میں کورونا کے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ شروع ہوا تو وفاقی حکومت نے پورے ملک کے تعلیمی ادارے، اسکول، کالج اور جامعات کو 16 مارچ سے 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور جب ملک میں کورونا کے کیسز کا سلسلہ نہ تھما تو تعلیمی اداروں کی بندش میں مزید تین ماہ کا اضافہ کیا گیا۔

ٹیگس