Nov ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان، یومیہ کورونا کیسز کی تعداد تین ہزار سے تجاوز

پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد یومیہ کیسز اور اموات میں بدستور اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے بعد اسکول کالج اور یونیورسٹیاں، چھبیس نومبر سے دس جنوری تک بند کر دی گئی ہیں۔

دوسری طرف پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار تین سو چھے نئے مریضوں اور چالیس نئی اموات کا اندراج کیا گیا۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار چار سو اٹھارہ مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد تین لاکھ چھیاسی ہزار ایک سو نوے ہو چکی ہے جن میں سے سات ہزار آٹھ سو تینتالیس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور تین لاکھ چونتیس ہزار تین سو بانوے افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے تینتالیس ہزار نوسو ترسٹھ ہو چکی ہے جن میں سے ایک ہزار نو سو اڑسٹھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پاکستان کے کورونا کمانڈ سینٹر نے بتایا ہے کہ پچیس نومبر کو کورونا کے مریضوں کا پتہ لگانے کے لئے پینتالیس ہزار سات سو دو نمونوں کی جانچ کی گئی جس کے بعد ملک میں انجام پانے والے کورونا ٹیسٹ کی تعداد ترپن لاکھ تنیتالیس ہزار سات سو دو ہوگئی ہے۔

ٹیگس