Sep ۲۲, ۲۰۱۸ ۰۶:۱۲ Asia/Tehran
  • ایشیا کپ میں پاکستان کے ہاتھوں افغانستان کو شکست

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے دی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں افغان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین حشمت اللہ شہیدی 97 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کپتان اصغر افغان نے 67 رنز کی اننگ کھیلی۔

پاکستان کی بیٹنگ شروع ہوئی تو فخر زمان اور امام الحق نے اوپننگ کی، فخر زمان ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ امام الحق نے 80، بابر اعظم نے 66  رنز بنائے۔ پاکستان کو آخری اوور میں 10 رنز درکار تھے جب کہ بیٹنگ کے لیے شعیب ملک اور حسن علی موجود تھے۔ شعیب ملک چھکا لگا کر ہدف چار بالز پر چار رنز تک لے آئے بعد ازاں چوکا لگا کر فتح حاصل کرلی۔ پاکستان نے 258 رنز کا ہدف 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 49.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ حسن علی نے 6 اور شعیب ملک نے 51 رنز اسکور کیے دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کا بالنگ اٹیک نسبتاً کمزور بیٹنگ لائن کو مکمل تباہ کرنے میں ناکام رہا اور کوئی بھی بالر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا،  محمد نواز نے سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

افغانستان کی جانب سے بالر راشد خان نے تین، مجیب الرحمان نے دو اور گلبدین نائب نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ٹیگس

کمنٹس