Jul ۰۷, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۳ Asia/Tehran
  • ورلڈ کپ کرکٹ میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی کامیابی

ورلڈ کپ کرکٹ میں کل ہندوستان نے سری لنکا اور جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو شکست دی۔

ہندوستان نے روہت شرما اور راہول کی شاندار سنچریوں کی بدولت سری لنکا کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس فتح کے ساتھ ہندوستان پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پرآگیا ہے، ہندوستان نے 9 میں سے 7 میچوں میں کامیابی حاصل کی، ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے ایک پوائنٹ دیا گیا۔

 لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر ہندوستان کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا،

55 رنز پر 4 اہم کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد اینجلو میتھیوز اور تھریمانے نے ذمہ دارنہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 124 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

تھریمانے 53 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم اینجلو نے اس ورلڈکپ میں پہلی سنچری اسکور کی وہ 113 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ ڈی سلوا 29 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپرٹ بمرا نے 3 وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی اوپنرز روہت شرما اور راہول نے 189 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں اور ہندوستان نے مطلوبہ ہدف صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، روہت شرما 103، راہول 111 اور پانٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان ویرات کوہلی 31 اور پانڈیا صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ورلڈکپ کے ایک اور میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 10 رنز سے شکست دے دی۔

ایونٹ میں پے درپے ناکامیوں کا سامنا کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم نےمضبوط حریف آسٹریلیا کو ہرا کرمشن ورلڈکپ کا اختتام یادگار بنادیا،  مجموعی طور پر ایونٹ میں 3 کامیابیوں کے ساتھ جنوبی افریقی ٹیم وطن لوٹے گی جب کہ 7 فتوحات حاصل کرنے والی آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں پنجہ آزامائی کرے گی۔

ٹیگس