Nov ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۰ Asia/Tehran
  • روس کی جانب سے چارلی ایبڈو جریدے میں روسی طیارے کے حادثے سے متعلق کارٹون کی اشاعت کی مذمت

روس نے فرانسیسی جریدے چارلی ایبڈو کے تازہ شمارے میں حالیہ ہوائی حادثے کا کارٹون بنائے جانے کی مذمت کی ہے۔

ماسکو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے جمعے کو کہا ہے کہ چارلی ایبڈو نے حالیہ فضائی حادثے کا کارٹون شائع کرکے انتہائی کثیف توہین کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرانس کا یہ جریدہ مزاحیہ میگزین ہونے کا دعوی کرتا ہے لیکن درحقیقت وہ اپنے اس دعوے سے دنیا کے ساتھ ہی خود کو بھی دھوکہ دینے کی کوشش کرتا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخا رووا نے کہا کہ حالیہ فضائی حادثہ ایک دردناک اور المناک سانحہ ہے اس کا کارٹون بنانے کو کثیف توہین کے علاوہ اور کوئی نام نہیں دیا جاسکتا۔

روسی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر ایوان ملنیکوف نے بھی کہا ہے کہ روس کے طیارہ حادثے کے کارٹون مزاحیہ نہیں بلکہ توہین آمیز ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ فرانس کے عوام بھی اس پر ایسا ہی ردعمل ظاہر کریں گے۔

روسی صحافیوں کی انجمن کے چیئرمین وسولود بوگدانف نے بھی کہا ہے کہ روس کے مسافر طیارے کے حادثے کے موضوع پر فرانسیسی جریدے چارلی ایبڈو کے کارٹون مکمل طور پر توہین آمیز ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ فرانس کے اس جریدے کے اراکین نے اس حادثے پر اظہار ہمدردی کے بجائے توہین آمیز اقدام کیا ہے ۔

گزشتہ دنوں روس کا ایک مسافر طیارہ مصر کے صحرائے سینا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ فرانس کے بدنام زمانہ جریدے چاری ایبڈو نے اس حادثے سے متعلق دو کارٹون اور ایک توہین آمیز مضمون شائع کیا ہے۔

ٹیگس