Apr ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • ترکی داعش کی حمایت اور چوری کا تیل خرید رہا ہے،روسی وزارت خارجہ

روس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ترکی داعش کے دہشت گردوں کی حمایت اور اس سے چوری کا تیل خرید رہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریازاخا رووا نے ماسکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی واقعات پر انقرہ کی خاموشی سے پتہ چلتا ہے کہ ترکی دہشت گردوں کی بدستور حمایت کر رہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے واضح کیا کہ ایسے لاتعداد شواہد موجود ہیں جن سے نشاندھی ہوتی ہے کہ ترکی اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر شام کی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے دہشت گردوں کو مدد پہنچا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی اور داعش کے درمیان تیل اور آثار قدیمہ کی غیر قانونی تجارت، سرحدوں سے دہشت گردوں کی آمد و رفت اور اسلحے کی ترسیل وہ سہولتیں ہیں جو انقرہ دہشت گردوں کو فراہم کر رہا ہے۔

ماریا زاخارووا نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ مغربی ذرائع ابلاغ ان حقائق کو بیان کرنے سے گریزاں ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نےشامی پناہ گزینوں کے خلاف ترک سیکورٹی فورس کے اقدامات پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نےکہا کہ ترک سیکورٹی فورس نے سرحدی علاقے میں پناہ گزینوں کو حملے کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں متعدد پناہ گزین مارے گئے ہیں جن میں بچے اورخواتین بھی شامل ہیں۔

ٹیگس