Jun ۱۷, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۸ Asia/Tehran
  •   بہانے تراشی اور دشمن تراشی  مغرب کی دیرینہ پالیسی ہے: روسی صدر

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ مغرب نیٹو کے وجود کو باقی رکھنے کے لیے بہانے اور دشمن پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

سن پیٹرز برگ میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ولادی میر پوتن نے کہا کہ مغرب دشمن تراشی اور بحران پیدا کرکے نیٹو کے وجود کا جواز پیدا کر رہا ہے جبکہ ہم مغرب کے ساتھ سرد جنگ کے خواہاں نہیں ہیں۔

شام کے بحران کو پرامن اور جمہوری طریقے سے حل کیے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  انہوں نلےکہا کہ شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ دیگر معاملات سے زیادہ اہم ہے۔

روسی صدر نے استفسار کیا کہ کیا مغربی ممالک ، شام کی حکومت کو جسے وہ غیر جمہوری کہتے ہیں کسی اور غیر جمہوری حکومت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے؟

انہوں نے شام میں نئے آئین کی تدوین اور صدارتی و پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے ذریعے جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر بشار اسد عالمی نگرانی میں انتخابات کرانے کے نظریئے سے پوری طرح متفق ہیں۔

ٹیگس