Jul ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا میں امریکی میزائلوں کی تنصیب پر روس اور چین کا سخت ردعمل‎

روس نے جنوبی کوریا میں امریکی تھاڈ میزائل نصب کیے جانے کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یورپی سرحدوں کے قریب روسی فوج کے خصوصی میزائل یونٹ تعینات کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

روسی سینٹ کی مسلح افواج کمیٹی کے نائب سربراہ یوگنی سربرینیکوف نے کہا ہے کہ ان کا ملک جنوبی کوریا میں امریکی تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب کے جواب میں اپنی مشرقی سرحدوں پر خصوصی میزائل یونٹ تعینات کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی کوریا میں امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور اس کے مقابلے کے لیے وزارت دفاع کے تعاون سے خصوصی میزائل یونٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

ادھر چین کی وزارت خارجہ نے بھی بیجنگ میں جنوبی کوریا کے سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے تھاڈ میزائل کی تنصیب کے فیصلے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

روس اور چین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کے بعد امریکی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل کی تنصیب کا مقصد شمالی کوریا کے خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جنوبی کوریا اور امریکہ نے جمعے کو شمالی کوریا کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے بہانے جنوبی کوریا میں انتہائی ترقی یافتہ تھاڈ میزائل سسٹم نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس