Feb ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی نسل پرستانہ پالیسیوں پر جیرمی کوربین کا شدید حملہ

برطانیہ کے حزب اختلاف کے لیڈر جرمی کوربین نے امریکی صدر کی تارکین وطن کے خلاف پالیسیوں پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ابھی مسائل کو مزید سمجھنے کی ضرورت ہے

برطانیہ کی حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی  کے رہنما جرمی کوربین نے لندن کے شمالی علاقے فائنس بیری میں ایک مسجد میں حاضری دی اورعام لوگوں کے لئے مساجد کا دروازہ کھول دئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس طرح کے  پروگرام اور ہر اس برادری کی حمایت کرتے ہیں جو تمام ادیان کا احترام کرتی ہے - جرمی کوربین نے فائنس بیری مسجد میں اپنے خطاب میں کہا کہ مسجد کا یہ سلوگن ہمیں بہت اچھا لگا کہ آؤ سب ہماری زیارت کرو ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں امریکی صدر کے تارکین وطن کے خلاف جاری کئے گئے فرمان کی مذمت کی اور کہا کہ جب اقلیت کے خلاف نفرت انگیز اقدامات کئے جاتے ہیں تو پھر اس قسم کے اقدامات کو سب پر حملہ تصور کیا جاتا ہے - برطانیہ کی لیبر پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پچھلے ہفتوں کے دوران امریکا میں بہت ہی گھٹیا زبان استعمال کی گئی اور اس قسم کے بیانات سے برے اقدامات سامنے آسکتے ہیں - جیرمی کوربین نے برطانیہ کے مسلم رہنماؤں کے ذریعے معاشرے کے سبھی طبقے کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کے دروازے سبھی لوگوں کے لئے کھول دئے گئے ہیں یہ بہت ہی قابل تعریف اقدام ہے - واضح رہے کہ برطانیہ کے مختلف شہروں کی ایک سو پچاس سے زائد مساجد کے دروازے سبھی مذہب کے لوگوں کے لئے کھول دئے گئے ہیں تاکہ اسلاموفوبیا کا مقابلہ کیا جائے اور اسلام کے بارے میں پائے جانے والے غلط تصورات کا تدارک کیا جاسکے -

 

ٹیگس