Apr ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۸ Asia/Tehran
  • عدالتی محاذ پرڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور شکست

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عدالتی محاذ پر ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ سان فرانسسکو میں فیڈرل کورٹ نے غیر ملکی تارکینِ وطن سے رعایت برتنے والے شہروں کے خلاف پابندیوں کا نیا صدارتی حکم نامہ معطل کردیا ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق اس سلسلے میں امریکی ڈسٹرکٹ جج ولیم اورک نے منگل کو ایک عارضی حکم نامہ جاری کیا جو تاحکم ثانی موثر رہے گا جبکہ ٹرمپ کے حکم نامے پر عدالت میں شق وار کارروائی ہو گی۔

سانتا کلارا کاؤنٹی نے اپنے دلائل میں کہا کہ اس حکم نامے سے اربوں ڈالر کے وفاقی فنڈز خطرے میں پڑ گئے ہیں ۔ پچیس جنوری کو جاری اس ایگزیکٹو آرڈر میں وفاقی فنڈنگ کو ان شہروں کے لیے روک دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

 واضح رہے کہ امریکا میں تقریباً 200 شہروں اور علاقوں کو سینکچوئری سٹیز (Sanctuary Cities)  کہا جاتا ہے کیونکہ وہاں غیر ملکی تارکینِ وطن کے ساتھ رعایت برتی جاتی ہے اور ان کی قانونی حیثیت کے بارے میں بھی کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جاتی اسی لئے دیگر ممالک سے امریکا جانے والے قانونی اورغیر قانونی، تارکینِ وطن خود کو ان شہروں اور علاقوں میں زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

 

 

ٹیگس