Jan ۱۲, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۹ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے شرمناک بیانات کی وائٹ ہاؤس کی جانب سے حمایت

افریقی ملکوں اور اسی طرح ہیٹی اور السلواڈور کے بارے میں امریکی صدر کے شرمناک توہین آمیز بیانات کی مذمت کے باوجود وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ کے بیانات کا دفاع کیا ہے۔

مغربی ذرائع ابلاغ نے خبردی ہے کہ وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کے شرمناک توہین آمیز بیانات کی تردید کئے بغیر کہا کہ واشنگٹن میں بعض سیاستداں دوسرے ملکوں کے مفادات کے مدافع ہیں لیکن ٹرمپ ہمیشہ امریکی عوام کے لئے لڑتے ہیں۔
امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس ارکان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے یہ بیانات ثابت کرتے ہیں وہ نسل پرست ہیں۔
امریکا میں ہیٹی کے سفیر نے بھی اپنے ملک کے خلاف ٹرمپ کے گھٹیا اور رکیک بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ اس بارے میں وضاحت پیش کریں۔
امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلیکن رکن الیانا راس لینتھن نے بھی اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا کہ ہیٹی کے بارے میں توہین آمیز الفاظ کااستعمال امریکا میں موجود ہیٹی کے تارکین وطن کی امریکا کے لئے کی گئی خدمات کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔
امریکی ریاست یوٹا سے کانگریس کی رکن میا لاو نے بھی جو خود بھی ہیٹی نژاد ہیں ایک بیان جاری کرکے صدر ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ اپنے بیان پر معافی مانگیں۔
ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں کانگریس کے بعض ارکان سے ملاقات میں اپنے توہین آمیز بیانات میں افریقا کے بعض ملکوں اور اسی طرح ہیٹی اور السلواڈور کو گندی کا ڈھیر قراردیا تھا۔

ٹیگس