Aug ۰۶, ۲۰۱۸ ۰۹:۴۳ Asia/Tehran
  • بنگلہ دیش میں امریکی سفیر پر حملہ، بڑے پیمانے پر گرفتاریاں

بنگلہ دیش میں طلبہ کی جانب سے کئی روز سے جاری احتجاج کے دوران مسلح افراد نے امریکی سفیر کے قافلے پر حملہ کیا جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مسلح افراد کے حملے میں امریکی سفیر مارسیا برنیکاٹ محفوظ رہیں۔

65 سالہ خاتون امریکی سفارتکار کو 2014 میں سابق امریکی صدر بارک اوباما کی جانب سے بنگلہ دیش کے لیے سفیر مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد سے وہی ڈھاکہ میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

امریکی سفیر کے قافلے پر حملہ کا واقعہ ہفتے کی رات پیش آیا واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ اداروں نے کارروائی شروع کر دی ہے۔

بنگلہ دیش میں ایک ہفتہ قبل بس کے حادثے میں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد ڈھاکہ میں طالب علموں کا احتجاج جاری ہے۔ اس احتجاج کے ساتویں روز جھڑپوں کے بعد حکومت نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس کو معطل کر دیا تھا۔

گزشتہ روز طلبہ کے احتجاج پر تشدد کے نتیجے میں 100 سے زائد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

احتجاج کرنے والے طلبہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے ربرکی گولیاں چلائیں، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شلینگ بھی کی گئی ہے۔ جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ ربر کی گولیاں اور آنسو گیس کی شلینگ نہیں کی گئی۔

ٹیگس