Feb ۱۴, ۲۰۲۰ ۰۷:۳۸ Asia/Tehran
  • امریکی صدر ٹرمپ کو زبردست دھچکا جنگ کے اختیارات محدود

قرارداد کے حق میں 55 جبکہ مخالفت میں 45 ووٹ ڈالے گئے۔

امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگ کے اختیارات محدود نہ کیے جانے کی اپیل کے باوجود ٹرمپ کو کانگریس کی اجازت کے بغیر ایران کے خلاف فوجی کارروائی سے روکنے کی قرارداد منظور کرلی، قرارداد کے حق میں 55 جبکہ مخالفت میں 45 ووٹ ڈالے گئے۔

ذرائع کے مطابق 8 ری پبلکن سینیٹرز نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا ہے، قرارداد کے مطابق امریکی صدر کو ایران کے خلاف جنگ کی صورت میں کانگریس سے منظوری لینا پڑے گی اور جارحیت میں ملوث امریکی فوجیوں کو واپس بلانا پڑے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایسی کسی بھی قرارداد پر ووٹنگ سے خبردار کیاتھا اور وائٹ ہاؤس نے قرارداد کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی تھی۔

سینیٹ نے یہ اقدام ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو امریکا کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے 40 ویں روزکیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران بھر میں جنرل قاسم سلیمانی کے چہلم پر تعزیتی مجالس منعقد ہوئیں جبکہ تہران میں ہونے والی مجلس سے پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے رتی برابر بھی غلطی کی تو ایران دونوں ملکوں کو نشانہ بنائے گا۔

ٹیگس