May ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۷ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں کورونا تیزی سے شکار کر رہا ہے

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا تیزی سے شکار کر رہا ہے اور ہلاکتوں کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے آج جمعہ کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 6088 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 118447 تک پہنچ گئی۔ ملک میں کل فعال کیسز 66330 ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 5609 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

ہندوستان میں کووڈ -19سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 148 افراد کی موت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3583 ہو گئی ہے۔ انفیکشن کے بڑھتے معاملات کے درمیان اس وبا سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3234 لوگ اس وبا سے آزاد ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہوئے لوگوں کی کل تعداد 48533 ہو گئی ہے۔

ہندوستان میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2345 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 41642 ہو گئی ہے جبکہ 1454 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔

ادھر پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 50 ہزار 694 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 67 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے پاکستان میں 34 ہزار 426 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 15 ہزار 201 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 7 ہزار 155 ہو چکی ہے جبکہ اموات تمام صوبوں سے زیادہ 365 ہو گئیں۔

سندھ میں اب تک کورونا وائرس سے 336 مریض باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب میں 310افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 ہزار 326 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 12 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

ٹیگس