May ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
  • طیارہ حادثہ پراقوام متحدہ، ہندوستان اور دنیا بھر سےاظہار ہمدردی کا سلسلہ جاری

پاکستان میں طیارہ حادثہ پراقوام متحدہ، ہندوستان اور دنیا بھر نے حکومت پاکستان اور سوگواروں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

 ہندوستان نے طیارہ حادثہ پر پاکستان کے لئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی پاکستان میں طیارہ حادثے میں جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اپنے بیان میں حادثے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کی چھٹیوں کے آغاز پر ہی ہولناک حادثہ پیش آنے پر حکومت پاکستان سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہیں، غم کے اس موقع پرافغان قوم پاکستان کے ساتھ ہے۔

 کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ آج صبح پاکستان سے ملنے والی خبر چونکا دینے والی ہے، پی کے 8303 میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سے ہمدردی ہے، اس خوفناک حادثے کے تمام متاثرین کے دکھ میں شریک ہیں، کینیڈین عوام آج آپ کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔

دوسری طرف اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بھی طیارے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کو پیش آنے والے حادثے کا سن کر دلی صدمہ پہنچا۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کے دکھ میں شریک ہیں، مرحومین کے لیے رحمت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا مانگتے ہیں۔

مزید برآں کینیڈا، سوئٹزرلینڈ، ہالینڈ اور سری لنکا کے وزرائے خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عالمی رہنمائوں کا طیارہ کریش سانحہ پر قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرنے پر شکریہ ادا کرتاہوں، پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں عالمی رہنمائوں کی جانب سے حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کی جائے حادثہ سے 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا ہے کہ پی آئی اے طیارہ حادثے میں 2 مسافر محفوظ رہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 25 متاثرہ مکانات کو کلیئر کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ مکانات کے رہائشی مختلف مقامات پر رہائش پزیر ہیں۔

واضح رہے کہ  کل بروز جمعہ کو پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کا لاہور سے  کراچی جانے والا طیارہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب لینڈنگ سے چند سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوا۔ جہاز میں 91 مسافر اور عملے کے 7 افراد سوار تھے ۔

ٹیگس