Sep ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۶ Asia/Tehran
  • امریکہ میں فائرنگ کے واقعات، 98 ہلاک و زخمی

امریکہ کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران فائرنگ کےمختلف واقعات میں اٹھانوے افراد ہلاک و زخمی ہو گئے۔

امریکہ میں مسلح تشدد کے اعداد و شمار کا اندراج کرنے والے ادارے گن وائلنس آرکائیو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ کی مختلف ریاستوں منجملہ پنسلوانیا، لوئیزیانا اور یوٹا کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے پچاسی واقعات رونما ہوئے جس کے نتیجے میں چوبیس افراد ہلاک اور چوہتر زخمی ہو گئے۔
امریکہ میں ہر سال ہزاروں افراد فائرنگ کے واقعات میں ہلاک اور زخمی ہو جاتے ہیں۔ امریکہ میں ایک اندازے کے مطابق لوگوں کے پاس تقریبا دو سو ستر سے تین سو ملین تک ہتھیار موجود ہیں اور یوں تقریبا ہر شخص کے پاس کم از کم ایک ہتھیار ضرور موجود ہے۔
امریکہ میں شہری حقوق کی حامی تنظیموں کے مطالبے کے باوجود اسلحہ لابی کے اثر و رسوخ کی بنا پر اب تک ہر حکومت، ہتھیاروں کی فروخت اور اسکے بے لگام استعمال کی روک تھام کے سلسلے میں کوئی قانون وضع کرنے میں ناکام رہی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ ملک کی اسلحہ لابی اور عام شہریوں کے پاس اسلحے کی بے لگام موجودگی کے اصل حامی شمار ہوتے ہیں۔

ٹیگس