Sep ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان خونریز جھڑپیں، 2 جنگی طیارے اور 14 ڈرون تباہ

اقوام متحدہ اور ایران نے آذربائیجان اور آرمیینا سے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان متنازع خطے میں جھڑپوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے جس میں بعض اطلاعات کے مطابق متعدد فوجیوں سمیت 23 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں تاہم آزاد ذرائع نے ابھی تک اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی تائید نہیں کی ہے۔

آرمینیا نے دعوی کیا ہے کہ آذربائیجان کی فوج کی جانب سے چلائی گئی گولی ایک خاتون اور ایک بچے کو لگی جس سے ان کی موت ہوگئی وہیں آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ ان کی فوج کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔

دونوں ممالک کے درمیان حالات اس قدر بے قابو ہوگئے ہیں کہ آرمینیا نے آذربائیجان کے دو جنگی طیاروں اور 14 ڈرون کو مار گرانے اور کئی بکتر بندگاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ حالانکہ آذربائیجان کی وزارت دفاع نے اس حوالے سے ابھی تک کچھ بھی نہیں کہا ہے ۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی جنگ کی سطح تک پہنچ گئی ہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان نے اپنی اپنی سرحد پر ٹینک ، توپ اور جنگی طیارے تعینات کردئے ہیں ۔ اس درمیان آرمینیا نے ملک میں مارشل لا لاگو کرتے ہوئے اپنی افواج کو سرحد کی جانب کوچ کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

ادھر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے آرمینیا اور آذربائیجان سے نگورنو قرہ باغ خطے میں فوری طور پر جنگ بندی پر عمل درآمد کی اپیل کرتے ہوئے آرمینیا اور آذربائیجان کے مابین شروع ہونے والے فوجی تنازع پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور فوجی طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی ۔

در ایں اثناء اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے بعد ان ممالک کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونی گفتگو میں ان سے صبر و تحمل سے کام لینے اور فوری طور پر جنگ بندی اور عالمی قوانین کے دائرے میں مذاکرات کرنے کی اپیل کی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران سیز فائر اور مذاکرات کے آغاز کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر تیار ہے۔

دوسری جانب ایران کے محکمہ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جھڑپوں کے خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران باکو اور ایروان کے درمیان کشیدگی کا قریب سے جائزہ لے رہا ہے۔

ٹیگس