Nov ۲۸, ۲۰۲۰ ۲۳:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران کی جوابی کاروائی کے خوف سے اسرائیلی سفارتخانوں میں الرٹ جاری

اسرائیل نے ایرانی سائنسداں کے قتل کے بعد ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کے خوف سے پوری دنیا میں اپنے سفارتخانوں کی سیکورٹی بڑھا دی ہے۔

ایران کی دفاعی صنعت کے سائنسداں محسن فخری زادے کے قتل کے بعد صیہونی حکومت نے پوری دنیا میں اپنے سفارتخانے کو الرٹ کر دیا ہے۔

المیادین ٹی وی چینل کے مطابق ایرانی سائنسداں کے قتل اور ان کے قتل میں صیہونی حکومت کے ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آنے لگے ہیں ، اب خوف کی حالت میں اسرائیل نے اپنے سفارتخانے کو الرٹ کر دیا ہے اور سیکورٹی بڑھا دی ہے۔

لبنانی ٹی وی چینل المیادین کے مطابق محسن فخری زادے کے قتل کے بعد علاقائی سطح پرامریکی فورسز بھی الرٹ ہو گئی ہیں۔

ایرانی سائنسداں کے دہشت گردانہ قتل کی اسلامی تحریکوں، تنظیموں، شخصیات اور کچھ مسلم ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے عظیم سائنسداں کے قتل کا انتقام لینے پر تاکید کی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے وزیر اعظم نتن یاہو نے دو سال پہلے محسن فخری زادے کا نام لیا تھا جس کے بعد اسرائیلی میڈیا نے بتایا تھا کہ موساد نے بہت پہلے محسن فخری زادے کے قتل کی کوشش کی تھی تاہم وہ کوشش ناکام ہوگئی تھی۔

اسرائیل کی واللا ویب سائٹ نے بتایا تھا کہ موساد کے کچھ عہدیداروں نے بتایا ہے کہ محسن فخری زادے، ایران کے ان سائنس دانوں میں شامل ہیں جن کا نام اس کی ہٹ لسٹ میں ہے۔

ٹیگس