شام میں مبینہ روسی فوجی سرگرمیوں پر امریکا کو تشویش
Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۲:۴۳ Asia/Tehran
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام میں روس کی مبینہ فوجی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہارکیا ہے
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے گفتگو کے دوران شام میں روس کی مبینہ فوجی سرگرمیوں کی رپورٹوں پر اپنی تشویش کا اظہار کیا-جان کیری نے کہا کہ اگر یہ رپورٹیں صحیح ہوئیں تو بحران شام میں شدت پیدا ہونے کا باعث بن سکتی ہیں- امریکی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق جان کیری اور لاوروف نے رواں ماہ میں نیویارک میں بحران شام کے بارے میں تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری رہنے پر اتفاق کیا ہے-
گزشتہ جمعہ کو وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ شام میں روسی فوجی سرگرمیوں کی رپورٹوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے- وائٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنیسٹ نے اس بارے میں دعوی کیا تھا کہ بشار اسد کی حکومت کی کسی بھی طرح کی فوجی حمایت، کسی بھی مقصد سے یا کسی بھی شکل میں ہو تباہ کن اور غیر تعمیری ہے-
واضح رہے کہ ان بیانات سے پہلے حکومت شام کے مخالف دہشت گرد گروہوں نے سوشل میڈیا پر بعض تصویریں شائع کر کے شام کے شمال مغربی صوبے ادلب کے نزدیک روسی طیارے اور ہیلی کاپٹر متعین کئے جانے کا دعوی کیا تھا-