Dec ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے نقطۂ نظر سے وحدت اسلامی
    اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے نقطۂ نظر سے وحدت اسلامی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز تہران میں انتیسسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اتحاد سے ہی متحدہ امت مسلمہ کا قیام عمل میں آسکتا ہے۔ صدر مملکت نے عالم اسلام میں تشدد و تفرقے کے علل و اسباب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد ایسے گروہوں کے افکار و نظریات سے پیدا ہوتا ہے کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے جو اسلام کو صحیح طرح سے نہیں سمجھ سکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انتہا پسندانہ افکار کا مقابلہ کئےجانے، اسلام کے چہرے سے خود ساختہ تصویر ہٹائے جانے اور دنیا میں اسلام و مسلمین کی حقیقی تصویر پیش کئے جانے کی ضرورت ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے حقیقی اسلام کی ترویج اور رائے عامہ کو اس سے روشناس کرائے جانے کو عالم اسلام کا اہم ترین فریضہ قرار دیا اور کہا کہ اس وقت رائے عامہ میں اسلام کو تشدد و انتہا پسندی کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے اور یہ، دین اسلام پر سب سے بڑا ظلم، اور دین رحمت و پیغام حق کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔

صدر مملکت نے وحدت اسلامی کی ضرورت پر ایسی حالت میں تاکید کی ہے کہ عالم اسلام اس وقت انتہا پسندی اور دہشت گردی کا شکار بنا ہوا ہے، ایسی دہشت گردی کہ جس کے افکار کی، مغرب کی جانب سے ترویج کی جا رہی ہے۔ اس وقت دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کو بھی اس بات کا اعتراف ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی، اکّیسویں صدی کی دنیا کے لئے سب سے بڑا چیلنچ ہے مگر اس حقیقت کو صرف بیان کئے جانے سے ہی کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکتا اس لئے کہ یہ صرف، اس مسئلے کی ایک صورت ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کا، صرف جنگ اور بمباری سے خاتمہ ہوسکتا ہے؟ یا یہ کہ اس کی بنیاد کا پتہ لگائے جانے اور گفتگو کے ذریعے اس کا راستہ بند کئے جانے کی ضرورت ہے۔

حقیقت امر یہ ہے کہ القاعدہ، داعش، بوکو حرام اور الشّباب جیسے گروہ، غلط افکار کا نتیجہ ہیں جو اپنے وحشیانہ جرائم کی کوئی حد ہی نہیں سمجھتے اور علاقے کے بعض ملکوں کی جانب سے ایسے گروہوں کی حمایت کا، امّت مسلمہ کی نابودی کے سوا اور کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔ درحقیقت تکفیری نظریات، اخلاقی اصول کی پامالی اور انتہا پسندی کے فروغ کا باعث بنے ہیں جبکہ دین اسلام نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ دین و مذہب اور نسل و قوم نیز جغرافیائی حدود سے قطع نظر تمام انسان، اصولی اور بنیادی طور پر برابر ہیں۔ غلط افکار کی بنیاد پر دشمن، دین اسلام کو، جو تمام انسانوں کے لئے امن و انصاف اور رحمت کا دین ہے، تشدد و انتہا پسند اور تہذیب و تمدن کا خاتمہ کرنے والے دین کی حیثیت سے متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ عالم اسلام کے اندر کچھ دھڑوں نے دانستہ یا جہالت کی بنیاد پر مسلمانوں میں تفرقے کی سازش کو عملی جامہ پہنانے کے آلۂ کار کی حیثت سے شیعہ و سنّی فرقوں پر مشتمل تمام مسلمانوں کو ایک دوسرے کے مّد مقابل لا کھڑا کردیا ہے اور یہ ایک ایسا بڑا خطرہ ہے جو اس وقت عالم اسلام کو لاحق ہے۔ مسلمانوں کے خلاف تیار کی جانے والی یہ سازش، اس بات کا سبب بنی ہے کہ شیعہ و سنی مسلمانوں پر مشتمل عالم اسلام، اپنی ترقی و پیشرفت اور حقیقی مقام تک پہنچنے کے راستے میں پائی جانے والی مشترکہ رکاوٹوں اور مشکلات کو دور نہ کرسکے۔ اسلام کے بارے میں غلط نظریات کا خاتمہ کرنے سے متعلق انسانی و اخلاقی اقدار اور حقیقی اسلام کی شناخت کی ترویج کے لئے سنجیدہ کوششیں بروئے کار لائے جانے کی اشّد ضرورت ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں انتیسسویں وحدت اسلامی بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں بعض ایسے ہی حقائق کی طرف اشارہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دشمن نے گمراہی کی نئی راہ کا آغاز کیا ہے اور وہ، دینی حقائق کی مکمل تحریف ہے۔ جیساکہ صدر مملکت نے کہا ہے کہ اسلام میں شیعہ و سنّی ہلال کا، کوئی مسئلہ نہیں ہے مگر سعودی عرب جیسے علاقے کے بعض ممالک، نادرست افکار اور تفرقہ انگیز اقدامات کے ذریعے مسلمانوں میں قومی، مذہبی اور سماجی طور پر پھوٹ ڈالنے اور خود ساختہ حد بندی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ چنانچہ انتہا پسندی کو کنٹرول اور تشدد و دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے فوجی طاقت کے استعمال سے کہیں زیادہ، غلط افکار کا خاتمہ، سماج و معاشروں کو آگاہ اور انھیں جہالت سے دور کئے جانے کی ضرورت ہے۔

ٹیگس