May ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • فلسطینی علاقوں پر صیہونی فوج کے حملوں میں شدت

غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے انتفاضہ قدس کو ناکام بنانے کی غرض سے فلسطینیوں کے خلاف اپنے حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔

غاصب صیہونی فوج نے جمعرات کے روز غزہ پٹی کے جنوب میں خان یونس علاقے پر توپ خانے سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی عورت شہید ہوگئی۔ صیہونی فوج نے رفح شہر سمیت غزہ پٹی کے مختلف علاقوں کو بھی توپ خانے، جنگی طیاروں اور ٹینکوں سے کئی بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک سن رسیدہ شخص اور تین چھوٹے بچے بھی شامل ہیں۔

صیہونی حکومت کی زمینی فوج نے بھی دو محوروں سے، ایک رفح شہر کے مشرق سے اور ایک غزہ شہر کے مشرق سے، فلسطینی علاقوں میں پیش قدمی کی اور فلسطینی سرزمین کے کئی حصوں کو تباہ کردیا۔ غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کی فوج کے حملے اس علاقے میں جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں۔ تحریک حماس اور تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے صیہونی حکومت کو غزہ پٹی میں کشیدگی اور اس علاقے پر حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے اور ان دونوں تحریکوں نے غزہ پٹی پر حملے جاری رہنے کے بارے میں صیہونی حکومت کو سخت انتباہ بھی دیا ہے۔

ادھر فلسطینی مجاہدین نے صیہونی حکومت کے حملوں کے جواب میں مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں اس غاصب حکومت کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ غزہ پٹی کے ہزاروں فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کے خلاف مظاہرہ کرکے غزہ پٹی کا محاصرہ ختم کئے جانے اور مصر سے ملنے والی رفح گزرگاہ کو کھولے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مظاہرین نے صیہونی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور اس غاصب حکومت کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے پر تاکید کی۔

مصر اور غزہ پٹی کی سرحد پر واقع رفح گزرگاہ گزشتہ اسی روز سے بند ہے۔ موصولہ رپورٹوں کے مطابق صیہونی حکومت کی طرف سے غزہ پٹی کا محاصرہ جاری رہنے کے نتیجے میں ادویات اور طبی وسائل کی شدید قلت کی وجہ سے بہت سے بیمار فلسطینیوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہے جبکہ غزہ پٹی کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے اب تک سیکڑوں بیمار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ غاصب صیہونی حکومت دو ہزار سات سے غزہ پٹی کا محاصرہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس غاصب حکومت نے اس علاقے میں ادویات اور ایندھن سمیت بنیادی اشیا کی فراہمی پر بھی پابندی لگا رکھی ہے۔

دریں اثنا صیہونی حکومت کے فوجیوں نے مشرقی بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں بھی فلسطینیوں پر اپنے حملے تیز کردیئے ہیں اور صیہونی فوجیوں نے گزشتہ دو روز کے دوران درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی فوجی یکم اکتوبر دوہزار پندرہ سے شروع ہونے والی انتفاضہ قدس کے دوران اب تک دو سو پندرہ فلسطینیوں کو شہید کرچکے ہیں اور دوہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو صیہونی فوجیوں نے گرفتار کیا ہے۔

ٹیگس