May ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۲ Asia/Tehran
  • عراق کو سڑکوں پر جھڑپوں کے بجائے وحدت اور قانون پر عمل کی ضرورت

عراق کے کردستان علاقے کی مقامی انتظامیہ نے حکومتی اداروں کے تحفظ اور سیاسی بحران کے حل کے مقصد سے، اس ملک کے وزیراعظم حیدر العبادی کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

عراق کے کردستان علاقے کی مقامی انتظامیہ نے سیاسی اور اقتصادی مشکلات کے خاتمے کے لئے عراقیوں کے قانونی مطالبات کی حمایت کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ کردستان کا علاقہ، عوام اور ان کے مطالبات سے غلط فائدہ اٹھاکر صورت حال کو بحرانی کرنے کا مخالف ہے۔

سیاسی بحران میں اضافے اور بغداد میں رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے حوالے سے عراق کے کردستان علاقے کا موقف، عراق کی موجودہ حساس صورت حال میں ذمہ دارانہ رویّہ کا آئینہ دار ہے۔

عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہر طرح کا سیاسی بحران، اس ملک کے دیگر علاقوں پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔

بغداد میں سیاسی استحکام ، عراق کے مختلف علاقوں میں امن و امان کا ضامن ہے۔

عراق کے مختلف علاقوں میں تکفیری صہیونی دھشت گرد گروہ داعش کے ساتھ جنگ میں حاصل ہونے والی وسیع کامیابی، بغداد میں سیاسی استحکام سے براہ راست مربوط ہے۔

بغداد میں بدامنی کا جاری رہنا، عراق کے کسی بھی سیاسی گروہ کے فائدہ میں نہیں ہے اور بغداد کے گرین زون جیسے حالیہ واقعات کے دہرائے جانے سے صرف دھشت گرد گروہ داعش کی جیت ہوگی۔

عراق کے آئین کے مطابق پرامن مظاہروں کا انعقاد عوام کا فطری حق ہے، لیکن تشدد کے ماحول کا وجود آنا اور ہنگامہ آرائی، اس ملک کے قومی مفادات سے میل نہیں کھاتی۔

بغداد میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات اور پارلیمنٹ اور حکومتی مراکز پرحملے اور عراق کی سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانا، حکومت کی کارکردگی پر احتجاج کا طریقہ نہیں، بلکہ عراق کے اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمن کو موقع فراہم کرنا ہے۔

عراق کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورت حال پر احتجاج کرنے والے، پرامن ماحول میں اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھاسکتے ہیں، لیکن بغداد کے گرین زون میں جو آئے دن ہوتا رہتا ہے، اصلاحات کے عمل کو تعطّل سے دوچار کرنے کے مترادف ہے۔

عراق میں سیاسی تبدیلی اور اصلاحات پر مکمل عمل درآمد کے لئے، زور زبردستی اور سڑکوں پر ہنگامہ آرائی، اس ملک کے آئین کے منافی ہے اور قانون کی طرف رجوع کرنا اور صبرو تحمّل کا مظاہرہ، عراق کے موجودہ سیاسی تعطّل سے باہر نکلنے کی واحد راہ ہے۔

عراق میں غیر ذمہ دارانہ رویّے، دشمنوں کی خواہشات کے مطابق اس ملک کو حصے بخرے کے راستے پر گامزن کرسکتے ہیں۔

عوام بھی حکومت کی مانند، عراق کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے ذمہ دار ہیں۔

عراق کو اس وقت سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی کے لحاظ سے مشکلات کا سامنا ہے اور ان مشکلات کا حل، حکومت اور عوام کے درمیان باہمی تعاون سے جڑا ہوا ہے۔

عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے حال ہی میں تاکید کی ہے کہ ملک کے سیاسی بحران نے، داعش کے خلاف جنگ پر منفی اثرات مرتّب کئے ہیں اور اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے، عراق میں جس چیز کی اشد ضرورت ہے وہ عراقی سیاسی گروہوں کا اپنے جذبات پر کنٹرول، حقیقت پسندی اور ذمہ دارانہ رویّہ ہے۔

بغداد میں سیاسی صورت حال کسی بھی سطح پر خراب ہو، اس کے اثرات داعش کے خلاف جاری جنگ کے محاذوں پر پڑیں گے، جبکہ حقیقی معنوں میں اتحاد کا وجود، عراق میں سیاسی کامیابی اور دھشت گردوں کی نابودی کی کنجی ہے۔

ٹیگس