پابندیوں کی شکست ، امریکہ کے منھ پر طمانچہ ہوگی
رہبر انقلاب اسلامی نے جعمرات کو تہران میں آزادی اسٹیڈیم میں رضاکار فورس بسیج کے ایک لاکھ افراد پر مشتمل عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مسائل خاص طور سے اقتصادی جنگ کے بارے میں اہم نکات بیان فرمائے-
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس عظیم الشان اجتماع میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک میں کسی طرح کا تعطل نہیں ہے اور مومن و انقلابی نوجوان ہی موجودہ مسائل کا حل ہیں تاکید فرمائی کہ قومی اقتصاد، پابندیوں کو شکست دے سکتا ہے اور اللہ تعالی کی مدد سے ہم پابندیوں کو ناکام بنا دیں گے اور پابندیوں کی شکست ہی امریکہ کی شکست ہے اور امریکہ کو اس شکست کے ذریعے ایک اور سیلی کھانا پڑے گی-
ایک لاکھ رضاکار فورس کے اجتماع میں رہبرانقلاب اسلامی کی معنی خیز موجودگی مختلف میدانوں میں نوجوانوں کے موثر و مضبوط کردار کی علامت ہے کہ جس کا کھلا مصداق مسلط کردہ جنگ ہے کہ جب نوجوانوں نے میدان جنگ میں بھرپورعمل کیا اور عزم و طاقت کا لوہا منوایا - رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اس زمانے میں بھی تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں جوانوں کے اجتماع میں پہنچ کر مومن و انقلابی نوجوانوں سے خطاب کیا تھا اور جوانوں نے باطل کے خلاف حق کی جنگ میں زبردست کامیابی حاصل کی-
آج بھی اسلامی انقلاب کے دشمنوں نے اسلامی نظام کے خلاف بھرپوراقتصادی جنگ چھیڑ رکھی ہے کہ جس میں نوجوان ، علمی اور اقتصادی میدانوں میں سرگرمیاں انجام دے کر اور روزگار کے مواقع پیدا کر کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے-
آٹھ سالہ مقدس دفاع کے تجربے نے ثابت کیا ہے کہ نوجوان جب بھی میدان میں اتریں ہیں سرخ رو رہے ہیں اور سب کو حیرت زدہ کر دیا ہے - آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں ملت ایران نے انقلابی جوانوں کی حمایت و مدد سے دشمن کے وسیع محاذ کو ناکام بنایا اور اپنی ارضی سالمیت کا تحفظ کیا ہے- جس طرح ملت ایران ، مقدس دفاع کے دوران اور اسلامی انقلاب کی چالیس سالہ تاریخ میں ہمیشہ سربلند رہی اور کسی طرح کی توہین برداشت نہیں کی اسی طرح آج بھی اقتصادی جنگ میں امریکی دباؤ کے سامنے ہرگز گٹھنے نہیں ٹیکے گی- اس تناظر میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ملت ایران اور نئی نسل نے یہ قطعی فیصلہ کر لیا ہے کہ توہین برداشت نہیں کرے گی اور بیگانہ طاقتوں اور دشمن کے پیچھے نہیں چلے گی اور ایران عزیز کو عزت و افتخار کی چوٹیوں پر پہنچائے گی اور اس میں یہ صلاحیت موجود ہے-
ایران اسلامی کے دشمنوں نے گذشتہ چالیس برسوں میں ملت ایران کو جھکنے پر مجبور کرنے کے لئے تمام حربے آزما لئے تاہم اپنے مقصد میں ناکام رہے - اس وقت اقتصادی پابندیوں کے سوا کوئی اور راستہ ان کے سامنے نہیں ہے لیکن رہبر انقلاب اسلامی کے بقول ایران کا قومی اقتصاد ، پابندیوں سے زیادہ مضبوط ہے- انقلاب اسلامی کی حیات و تاریخ ، عظمت ایران، اسلامی جمہوریہ کے اقتدار اور ملت ایران کے ناقابل شکست ہونے کے تین اہم اور بنیادی اجزاء کی عکاس ہے اور انھیں ناقابل انکار حقائق نے دشمنوں کو سیخ پا کر دیا ہے اور وہ کسی بھی طرح اسلامی جمہوریہ کو مسائل و مشکلات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں-
اسلامی انقلاب کی طاقت کے یہ تین اہم اجزاء و عناصر چالیس برسوں میں اپنےعروج پر پہنچ چکے ہیں اور اسی بنا پر علاقے کی قوموں میں ایران قابل احترام ہے اور دنیا کے اہم سیاستدانوں نے اسے سراہا بھی ہے- اس سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ کے اقتدار کے اثبات کے لئے امریکہ اور برطانیہ کے ظالمانہ تسلط سے ایران کی نجات کو کافی قرار دیا اور تاکید کے ساتھ فرمایا کہ : استبدادی و موروثی شاہی حکومت کے شر سے ملک کی نجات ، گذشتہ چالیس برسوں کی سازشوں کے مقابلے میں استقامت و پائداری اورعلاقے و دنیا میں ایران کی حیثیت و احترام میں اضافہ ، اسلامی جمہوریہ کے اقتدار کے دیگر نمونے ہیں-